13 اپریل ، 2021
امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں سال 11 ستمبر تک افغانستان سے تمام امریکی افواج نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہماری پالیسی حقائق کو مدنظر رکھ کر بنائی جارہی ہے، معاہدے کی شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں طالبان سے جنگ کی طرف جا سکتے ہیں۔
امریکی عہدیدار کے مطابق صدر بائیڈن جنگ کو قومی مفاد کے خلاف سمجھتے ہیں، فوجیں نکالنے کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا افغانستان کو چھوڑ دے گا، افغان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلق میں رہیں گے۔
اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر بائیڈن بدھ کو اپنے فیصلے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب طالبان اور امریکا معاہدے کے مطابق امریکی افواج کو یکم مئی سے پہلے افغانستان سے نکلنا ہے جبکہ گزشتہ دنوں امریکی صدر نے یکم مئی تک فوجیوں کا انخلا مشکل قرار دیا تھا۔
وہیں افغان طالبان نے معاہدے کے تحت انخلا نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے رکھی ہے۔
افغانستان میں 2500 سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں، وائٹ ہاؤس کی جانب سے خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔