15 اپریل ، 2021
پنجاب حکومت نےشریف خاندان کی لاہور میں رائیونڈ رہائش گاہ کی 127 کنال زمین کا انتقال منسوخ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے منسوخ کی گئی اراضی موضع مانک رائے ونڈ میں شریف خاندان کے گھر کا مرکزی حصہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے شریف خاندان کی رائیونڈ رہائش گاہ کی 127 کنال زمین کا انتقال منسوخ کردیا جب کہ پنجاب ریونیو ڈپارٹمنٹ نے اس زمین کا انتقال واپس پنجاب حکومت کے نام بھی کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ زمین مرحومہ بیگم شمیم کے نام سے پنجاب حکومت کو منتقل کردی گئی،اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پنجاب حکومت کا دعویٰ ہے کہ شریف خاندان نے اوقاف کی زمین پر قبضہ کررکھا ہے، پنجاب ریونیو ڈیپارٹمنٹ کسی بھی وقت زمین کا مبینہ قبضہ چھڑانے کے لیے کارروائی کرسکتا ہے جب کہ پنجاب حکومت نے رائیونڈ میں زمین منسوخی کا عمل خفیہ رکھا ہوا ہے۔
دوسری طرف ذرائع شریف خاندان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جاتی عمرہ گرانے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کر رہی ہے، شریف خاندان نے یہ زمین 1992، 1997 اور 2015 میں خریدی تھی۔
جیونیوز نے معاملے پر موقف کےلیے پنجاب حکومت سے بار بار رابطے کی کوشش کی تاہم کوئی جواب نہیں دیا گیا۔