پاکستان
Time 16 اپریل ، 2021

وزیراعظم کو سندھ صرف رمضان میں یاد آتا ہے، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم کی ہرسال رمضان میں سندھ سے دلچسپی ہوجاتی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کا نام ’اعلان خان‘ تجویز کیا اور کہا کہ وزیراعظم کو صرف اعلانات اور وعدوں کا شوق ہے، نہ غریبوں کیلئے پچاس لاکھ بناسکے، نہ ایک کروڑ نوکریاں دے سکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سندھ کے 162 ارب روپے کا معاملہ ہو یا کراچی پیکج کے 1100 ارب روپے کا، وزیراعظم آج تک اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کرسکے، اسی لیے ان کا نیا نام تجویز کیا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کو سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں، سندھ صرف رمضان میں یاد آتا ہے، کراچی آتے ہیں، اسپتال کیلئے چندہ جمع کرتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، کراچی والے آج تک 1100 ارب روپے کے پیکج کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے نشاندہی کی وزیر اعظم نے حیدرآباد کی یونیورسٹی کا افتتاح کیا تھا لیکن حیدرآباد کے عوام کو یہ تک نہیں معلوم کہ آخر وہ یونیورسٹی کہاں ہے۔

مزید خبریں :