دنیا
Time 17 اپریل ، 2021

بھارت میں مسلسل تیسرے روز 2 لاکھ سے زائد کورونا کیسز

فوٹو: فائل

بھارت میں مسلسل تیسرے روز عالمی وبا کورونا کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2 لاکھ 34 ہزار 692 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جو کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

 وزارت صحت کے حکام کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1341 اموات بھی ہوئیں جو اس سال بھارت میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

بھارت میں کورونا کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دارالحکومت نئی دہلی اور  ریاست مہاراشٹرا شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹرا میں 63729 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دارالحکومت نئی دہلی میں 19 ہزار 486 کیسز سامنے آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد کیسز کے بعد بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 45 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارت میں 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ دو روز قبل بھی رپورٹ ہونے والے مثبت کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے زائد تھی۔

اس وقت بھارت سب سے زیادہ کورونا کیسز والے ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے، دنیا میں سب سے زیادہ 3 کروڑ 15 لاکھ کیسز امریکا میں ہیں۔

مزید خبریں :