Time 17 اپریل ، 2021
پاکستان

شوکت ترین اور شبلی فراز نے وفاقی وزیرکے عہدے کا حلف اٹھالیا

شوکت ترین اور سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیرکے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے نئے وزرا سے حلف لیا۔

ماہر معاشیات شوکت ترین وفاقی وزیر برائےخزانہ و محصولات اورسینیٹر شبلی فراز وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ہوں گے۔

خیال رہےکہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں رد وبدل کیا تھا جس کے تحت  شوکت ترین کو نیا وزیر خزانہ بنایا گیا ہے اور انہیں ریونیو کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔

29 مارچ کو وزیر خزانہ بننے والے حماد اظہر سے صرف 18 روز بعد وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا اور انہیں وزیر توانائی بنایا گیا ہے۔

ان کے علاوہ خسرو بختیار کی وزارت بھی تبدیل کردی گئی ہے اور ان سے اکنامک افیئرز کی وزارت لے کر صنعت و پیداوار کی وزارت دی گئی ہے۔خیال رہےکہ وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وزیر مقررکرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں لہٰذا مستقبل میں انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائےگا۔

وزیر توانائی عمر ایوب کی وزارت تبدیل کرکے انہیں اکنامک افیئرز کا وزیر بنایا گیا ہے جب کہ سابق وزیر اطلاعات شبلی فراز کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیاہے۔

فواد چوہدری سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت لے کر انہیں وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

مزید خبریں :