Time 17 اپریل ، 2021
پاکستان

پی ٹی آئی کے30 سے زائد اراکین کی جہانگیرترین کی حمایت میں اسمبلیوں سے استعفوں کی پیشکش

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 30 سے زائد اراکین اسمبلی نے جہانگیر ترین کے گھر میٹنگ کی اور جہانگیر ترین کی حمایت میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی ۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور وزراء کا اجلاس ہوا،جس میں تیس سے زائد ارکان اسمبلی نے شرکت کی اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ 

ذرائع کے مطابق ارکان نے مستعفی ہونے کی پیشکش کی جسے وقتی طور پر پذیرائی نہ مل سکی۔

 ارکان کی رائے تھی کہ اگر ناانصافیاں جاری رہیں تو استعفے کا آپشن استعمال کیا جائے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے مزید ارکان اسمبلی سے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا گیا۔

 ارکان کی جانب سے وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے لکھے گئے خط پر وزیراعظم کی خاموشی پر حتمی لائحہ طے کرنے لیے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر 21 اپریل کو بھی  اجلاس بلایا گیا ہے۔ جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور وزیر اعظم کو خط کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔

 ذرائع کے مطابق اجلاس میں مزید نئے اراکین اسمبلی کی بھی شمولیت متوقع ہے، جہانگیر ترین اجلاس کے بعد شرکاء کو افطار ڈنر دیں گے۔ 

مزید خبریں :