Time 19 اپریل ، 2021
پاکستان

تاجر تنظیموں کا علماء کرام کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان

کراچی، لاہور  اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کی تاجر تنظیموں نے علماء کرام کی جانب سے آج دی گئی پہیہ جام ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران نے مفتی منیب الرحمان کی اپیل کی مکمل حمایت کی ہے اور ملک بھر میں شٹر ڈاؤن رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

گوجرانوالہ میں بھی تاجروں نے علماء کرام کی ہڑتال کی اپیل کی تائید کی ہے جبکہ آل کراچی تاجر اتحاد اور کراچی تاجر ایسوسی ایشن نے بھی شہر کے تمام کاروباری اور تجارتی مراکز  بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی گڈز کیریئرز  ایسوسی ایشن بھی آج پہیہ جام ہڑتال کر  رہی ہے، آل پاکستان انجمن تاجران سندھ نے بھی مفتی منیب الرحمان کی اپیل کی مکمل حمایت کی ہے۔

کراچی میں پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سندھ بار کونسل نے بھی لاہور میں پیش آئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے آج عدالتوں میں نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے لاہور میں پیش آئے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں آج مکمل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :