دنیا
Time 19 اپریل ، 2021

برطانیہ نے بھارت کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا

برطانیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث بالآخر بھارت کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کوروناکی تشویش ناک صورت حال پر بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈالا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان سمیت 4 ممالک فلپائن، کینیا اور بنگلہ دیش کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا  گیاتھا، برطانوی حکومت کُل 40 سے زائد ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کرچکی  ہے۔

رپورٹ کے مطابق سفری پابندیوں کی ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے صرف برطانوی اور آئرش افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی، ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والے برطانوی شہریوں کو 10 دن قرنطینہ کرنا ہو گا۔

اس فہرست میں پاکستان کو شامل کرنے پر پاکستان سمیت متعدد برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے  سوالات اٹھائے تھےکہ پاکستان جو کہ خود برطانیہ کے مقابلے میں کورونا سے کم متاثرہ ہے اس کے باوجود اسے ریڈ لسٹ میں ڈالا گیا جب کہ اس فہرست میں کورونا سے شدید متاثرہ بھارت کو  شامل نہیں کیا گیا۔ 

واضح رہےکہ  بھار ت میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور  اسی سبب برطانوی  وزیراعظم بورس جانسن نے دورہ بھارت بھی منسوخ  کردیا ہے۔

مزید خبریں :