19 اپریل ، 2021
حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے جیل میں ملاقات کرنے والے پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین صاحبزادہ حامدرضا کا بیان سامنے آگیا۔
کوٹ لکھپت جیل میں سعد رضوی سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ حامدرضا کا کہنا تھاکہ سعد رضوی نے کارکنان سےپرامن رہنےکی اپیل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیش رفت ہوئی ہے اور مذاکرات کااگلادوربھی جلد شروع ہوگا۔
حامد رضا نے کہا کہ امید ہے مذاکرات میں جو طے ہوگا حکومت اس پرعمل کرے گی۔
خیال رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں علماء کے وفد نے سعد رضوی سے جیل میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق علماء کے وفد نے سعد رضوی سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جبکہ علمائے کرام کا کہنا تھاکہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوا لہٰذا ملک میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ علماء نے سعد رضوی کو ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا جس میں مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جائے۔
علمائے کرام نے سعد رضوی سے اپیل کی کہ لاہور کا دھرنا ختم کیا جائے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ سعدرضوی اور علماء کے وفد کے درمیان 5 گھنٹے مذاکرات ہوئے جبکہ مذاکراتی ٹیم نے افطاری بھی سعد رضوی کے ساتھ جیل میں کی۔
ذرائع کے مطابق علماء نے سعد رضوی کو معاملات افہام تفہیم سے حل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش۔
وفد میں صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر اوردیگر شامل تھے۔