پروڈیوسر نے فلم 'چہرے' کے پوسٹر میں ریا چکرورتی کو شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی

فوٹو: فائل

امیتابھ بچن اور عمران ہاشمی کی نئی آنے والی فلم ' چہرے' کے پروڈیوسر آنند پنڈت  آنجہانی اداکار سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو فلم کے پوسٹر سے ہٹانے کے معاملے پر بول پڑے ۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث فلم 'چہرے' کی ریلیز  ایک بار  پھر تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور اب سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کرنے کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔

ایک انٹرویو میں فلم پروڈیوسر آنند پنڈت کا کہنا تھا کہ موجودہ صور تحال میں فلم کی ریلیز کسی چیلنج سے کم نہیں۔

گذشتہ ماہ سامنے آنے والے فلم کے پوسٹر میں اداکارہ  ریا چکرورتی کے نہ ہونے پر بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ریا کو شامل نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، وہ فلم کے 8 مرکزی کرداروں میں سے ایک ہیں۔

 آنند پنڈت کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں فلم کے لیے بہت پہلے سائن کرلیا تھا اور ہم انہیں ایک ایسی اداکارہ کے طور پر دیکھتے ہیں جنہوں نے فلم میں اپنا کام اچھی طرح کیا۔

فلم پروڈیوسرکا مزید کہنا تھا کہ وہ ریا کی صورتحال کو  اپنی فلم کی مشہوری یا کمرشل فائدے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتے، اسی وجہ سے ہم نے فلم کے دوسرے پوسٹر میں انہیں شامل نہیں کیا، وہ زندگی میں پہلی ہی کافی مشکلات کا شکار ہے اور ہم اس میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔

خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔

سشانت کےگھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہےکہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔

مزید خبریں :