پاکستان
Time 20 اپریل ، 2021

صحافتی تنظیموں کی جانب سے ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی مذمت

مختلف صحافتی تنظیموں کی جانب سے ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

ا لیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اور نیوز ڈائریکٹرز کی تنظیم ایمینڈ نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بزدلانہ حملے کی تفتیش اور ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے اور صحافت کے لیے لڑنے والے مصنفین اور صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سینیئر صحافی اور سابق چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے اور انہیں عوام کے سامنے لایا جائے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری طور پر ملک بھر میں بھرپور احتجاج کی کال دے۔

ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابصار عالم پر حملہ کرنے والے کو گرفتار کیا جائے اور واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں۔

رہنما ن لیگ مریم نواز نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختلافی آواز کو خاموش کرنا اس ملک کو برسوں سے لاحق کینسر ہے ، ابصار عالم کو بربریت اور ظالمانہ جرم کا نشانہ بنایا گیا۔

ن لیگ کے رہنما پرویز رشید نے کہا کہ گالی اور گولی سے اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کا چلن قابل مذمت ہے ۔

مزید خبریں :