21 اپریل ، 2021
سندھ کے ضلع خیرپور میں پرانی قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جب کہ 8 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس خیرپور امیر سعود مگسی کے مطابق حادثہ خیرپور شہر سے لگ بھگ 10 کلومیٹر دور حسین آباد کے مقام پر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ جس پرانی قومی شاہراہ پر حادثہ ہوا وہ سندھ کے اندرونی علاقوں عمرکوٹ، میرپورخاص، ٹنڈوآدم، کپھرو، سانگھڑ، نواب شاہ اور دیگر آبادیوں کو خیرپور کے راستے سکھر سے ملاتی ہے۔
امیر سعود مگسی کے مطابق حادثہ سکھر کی طرف جانے والی مسافر ویگن کا ممکنہ طور پر ٹائی راڈ ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے ویگن کا ٹائر نکلنے سے اسے بے قابو ہو کر سکھر سے سانگھڑ کی طرف جانے والی مسافر کوچ سے دھماکے سے ٹکراتے دیکھا۔
خوفناک حادثے میں کوسٹر کو شدید نقصان پہنچا جو ملبے کے ڈھیر میں بدل گئی۔مسافر دونوں گاڑیوں میں بری طرح پھنس گئے تھے۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گاڑی کاٹ کر نکالا بعد ازاں پرائیویٹ گاڑیوں اور سرکاری ایمبولینسوں اور ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے کی مدد سے انہیں خیرپور منتقل کیا۔
امیر سعود مگسی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک کم عمر خاتون دو لڑکے بھی شامل ہیں۔
ایس ایس پی سعود مگسی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہے، جس سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔