ایک وقت ایسا بھی تھا جب بس کے ٹکٹ کیلئے 5 پیسے نہیں تھے: قوی خان

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کا بڑا نام سینئر اداکار قوی خان ڈراموں اور فلموں میں خود کو منواچکے ہیں اور ایک کامیاب اداکار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔

اداکار قوی خان حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ایک دن جیو کے ساتھ میں میزبان سہیل وڑائچ کے مہمان بنے۔

دوران شو میزبان کے سوال پر مشکل وقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے قوی نے بتایا ان کی دکھ بھری کہانی ایسی ہے جس پر پانچ، سات ناول لکھے جاسکیں۔

قوی خان نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں دکھ، پریشانیاں اور بھوک بھرپور دیکھیں۔

انہوں نے بتایاکہ میں جب لاہور میں رحمان پورے میں رہائش پذیر تھا تو 2 سال بعد اس قابل ہوا کہ 25 روپے کرایہ دے سکوں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ایک دن ایسا بھی تھا کہ جب میرے پاس بس کے ٹکٹ کے 5 پیسے نہیں تھے، بس کا ٹکٹ 15 پیسے کا تھا اور میرے پاس صرف 10 پیسے تھے، پھر 5 پیسے کے لیے دوست کے گھر گیا، اس کے ساتھ کافی دیر کھڑا رہا لیکن مجھ میں دوست سے 5 پیسے مانگنے کی ہمت نہ ہوئی اور میں واپس آگیا۔

مزید خبریں :