’کچھ تو شرم کرو‘، نواز الدین صدیقی بیرون ملک چھٹیاں منانے والے فلم اسٹارز پر پھٹ پڑے

کورونا کی بدترین صورتحال کے دوران رنبیر کپور، ٹائیگر شروف، عالیہ بھٹ اور ڈشا پٹانی سمیت دیگرشخصیات تعطیلات گزارنے کیلئے مالدیپ پہنچے ہیں — فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے دوران اداکاروں کی جانب سے مالدیپ میں تعطیلات کی تصاویر پوسٹ کرنے پر بھڑک اٹھے ہیں۔

بھارت میں کورونا کی تیسری لہر کی ہلاکت خیزی جاری ہے اور کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے۔

اس صورتحال کے دوران بالی وڈ اداکار رنبیر کپور، ٹائیگر شروف، عالیہ بھٹ اور ڈشا پٹانی سمیت دیگر نے ملک چھوڑ دیا تھا اور تعطیلات گزارنے کیلئے مالدیپ پہنچے ہیں جبکہ گزشتہ روز شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان بھی امریکا روانہ ہوئے تھے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

تاہم اب اس معاملے پر نواز الدین صدیقی کا صبر بھی جواب دے گی اور وہ بدترین صورتحال کے دوران اداکار اور اداکاراؤں کی جانب سے مالدیپ میں تعطیلات کی تصاویر پوسٹ کرنے پر بھڑک اٹھے۔

اپنے ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھاکہ ’بالی وڈ شخصیات ایسے وقت میں اپنی چھٹیوں کی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں جب دنیا سب سے زیادہ کساد بازاری سے گزر رہی ہے، لوگوں کے پاس کھانا نہیں ہے اور آپ پیسے پھینک رہے ہو، کچھ تو شرم کرو‘۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ میرے خیال سے چھٹیاں پر جانا اتنا غلط نہیں ہے جتنا اس کا دکھاوا کرنا ہے، ان لوگوں نے مالدیپ کو تماشا بنا رکھا ہے۔

نواز کا کہنا تھاکہ مجھے نہیں پتا کہ ٹورازم انڈسٹری کے کیا انتظامات ہیں لیکن انسانیت کے ناطے اپنی چھٹیاں اپنے تک رکھیں کیونکہ یہاں جگہ جگہ دکھ ہے اور کورونا سے صورتحال بدتر ہورہی ہے، اگر دل ہے تو مہربانی کرکے جو متاثرہ لوگ ہیں ان کو طعنے مت دیں۔ 

مزید خبریں :