24 اپریل ، 2021
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا(کے پی) نےکورونا سے متاثرہ اضلاع میں پابندیوں سے متعلق احکامات جاری کردیے۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخواکے مطابق 26 اپریل سےصوبے میں5 فیصد سے زیادہ شرح والے اضلاع میں اسکول بند ہوں گے اور عوامی مقامات پرماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق سرکاری اورنجی دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے 2 بجے تک مقرر کیےگئے ہیں جب کہ بازار،شاپنگ مالز، دکانیں اورمارکیٹیں شام 6 بجےبند ہوں گی۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 15 فیصد ہے جب کہ مردان میں کورونا مثبت کیسزکی شرح سب سے زیادہ 41 فیصد ہے ۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 27 فیصد، دیر لوئر میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 34 فیصد ہے جب کہ مالاکنڈ میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 23 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوشہرہ میں مثبت کیسز کی شرح 25 چارسدہ اور صوابی میں 18،18 فیصد ہے، شانگلہ اور چترال میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 16،16 فیصد ہے۔
خیبرپختون خوا کے اضلاع بٹ گرام ،کوہستان ، بونیر ،تورغر ،شمالی وزیرستان اور کرک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح صفر ہے۔