26 اپریل ، 2021
بھارت میں جاری آئی پی ایل کے دوران کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لیکن انتظامیہ ان کے نام ظاہر کرنے سے گریز کررہی ہے۔
کوورنا سے بگڑتی صورتحال کے سبب بھارتی اخبارات نے بھی آئی پی ایل کی کوریج کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بھارتی اخبارات نے آئی پی ایل کوریج معطل کرنا شروع کر دی ہے اور اپنے ایڈیٹوریل میں لکھا ہے کہ زندگی اور موت کی جنگ کے دوران کمرشل ازم کو اہمیت دی جارہی ہے، اخبارات نے لکھا ہے کہ کورونا کی تباہی کی طرف توجہ دلانے کیلئے آئی پی ایل کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی آئی پی ایل کو بند کرنے کی مہم تیز ہوگئی ہے لیکن منتظمین کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کرکٹرز پیسے کی کشش میں ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔ ان میں انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں۔