26 اپریل ، 2021
امریکا اور نیٹو اتحادی ملکوں نے افغانستان سے مزید فوجیں نکالناشروع کردیں۔
افغانستان میں غیرملکی فورسز کے امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے کہا ہے کہ فوجی انخلا کیلئے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں اور فوجی اڈے اور آلات افغان فورسز کے حوالے کرنے کا آغاز ہوگیا ہے۔
ملر کا کہنا تھا کہ فورسز کے مکمل انخلا پر فوجی اڈے ابتدائی طور پرافغان وزارت دفاع اوردیگر افغان فورسز کے حوالے کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ القاعدہ سے تعلق ختم کردیں گے۔
جنرل ملر کا امریکا پر دوحا معاہدے کی خلاف ورزی کے طالبان کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہناتھا کہ اگر طالبان نے امریکی و اتحادی فورسز پر حملہ کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن کیلئے آگے بڑھنے کا معقول راستہ سیاسی راستہ ہے بصورت دیگر تشدد بے وقوفی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے افغانستان سے مکمل انخلا کیلئے 11ستمبرکی تاریخ مقرر کی ہے جبکہ یکم مئی سے انخلا کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا ۔