'اپنا ایڈریس دے' فرحان اختر نے ٹرول کرنے والے شخص سے پتا مانگ لیا

فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار ، ہدایت کار اور فلم ساز فرحان اختر  نے ٹوئٹر پر بھارت میں کورونا ویکیسن کی مہنگی قیمتوں پر آواز اٹھائی تو بعض افراد نے ان پر تنقید شروع کردی تاہم فرحان اختر نے بھی انہیں برابر جواب دیا۔

فرحان اختر نے ٹوئٹر پر ایک بھارتی اخبار کی خبر پوسٹ کی جس کے مطابق بھارت میں کورونا ویکسین کی قیمت دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے ۔

 فرحان نے خبر کا حوالہ دینے کے ساتھ بھارت میں ویکسین بنانے والی سب سے بڑی کمپنی سرم کو ٹیگ کرتے ہوئےکہا کہ بتائیں کہ ہمیں ویکسین کے لیے سب سے زیادہ پیسے کیوں دینے پڑرہے ہیں جب کہ پہلے آپ نے کہا تھا کہ ہم فی ویکیسن 150 بھارتی روپے منافع کمارہے ہیں۔

فرحان کے اس ٹوئٹ کے بعد جہاں اکثر سوشل میڈیا صارفین نے ان کا ساتھ دیا وہیں  بعض صارفین نے ان پر تنقید بھی شروع کردی اور کہا کہ جن ممالک کا حوالہ دیا جارہا ہے وہاں کی معیشت بھارت کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔

اس پر فرحان اختر نے بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا بیان ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے ٹرولر کو مخاطب کیا اورکہا کہ دیکھ لیں حکومت نے بھی کورونا ویکسین کم قیمت پر فراہم کرنےکا حکم دے دیا ہے، اس لیے مجھے معیشت کا لیکچر دینے کے بجائے ماسک پہنیں، گھر پہ رہیں اور  منہ صاف کریں ، مطلب ہاتھ دھوئیں۔

اس پر ایک صارف نے جواب دیا کہ ' یہ تیرے لیے ہی کررہے ہیں ، ورنہ تو کورونا پھیلائے گا'۔

اس پر بھی فرحان اختر نے جواب دیا کہ ' ایڈریس دے تیرا، لطیفوں کی نئی کتاب بھیجتا ہوں' ۔

خیال رہےکہ بھارت میں کورونا وائرس کی نئی لہر نے پورے ملک کو شدید لپیٹ میں کے رکھا ہے اورکورونا سے متاثرہ افراد اور ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

کورونا کیسز میں اضافےکے بعد ملک میں آکسیجن اور دیگر ضروری طبی آلات کی شدید قلت ہوگئی ہے جس کے باعث مودی سرکار کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :