Time 27 اپریل ، 2021
پاکستان

عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی

اداکارہ و ماڈل ہانیہ خان کی ایک تصویر بھی عامر لیاقت کے ساتھ وائرل ہے اور ہانیہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عامر لیاقت کی بیوی ہیں— فوٹو: سوشل میڈیا

ٹی وی میزبان اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تیسری شادی سے متعلق خبریں کافی دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں تاہم اب عامر لیاقت نے اس حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔

اداکارہ و ماڈل ہانیہ خان کی ایک تصویر بھی عامر لیاقت کے ساتھ وائرل ہے اور ہانیہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عامر لیاقت کی بیوی ہیں۔

ڈان امیجز ‘ کی رپورٹ کے مطابق ہانیہ خان نے عامر لیاقت اور ان کی دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر پر کالا جادو کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

اس حوالے سے اب عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے ان دعوؤں کی نفی کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی واحد بیوی طوبیٰ ہیں۔

ہانیہ خان کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ ان کا عامر لیاقت سے رشتہ نیا نہیں، ان کی فیملی بھی عامر لیاقت سے ملتی رہی ہے، ان کی شادی ہونے والی تھی، فیملی بھی راضی تھی لیکن عامر لیاقت کی موجودہ بیوی نے ان کیخلاف مہم شروع کردی۔

ہانیہ خان نے عامر لیاقت کو منافق بھی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان کا کیریئر ختم کرنے کی کوشش کی۔

ہانیہ خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار خودکشی کرنے کی بھی کوشش کی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عامر لیاقت نے انہیں ان کی فیملی سے الگ کردیا کیوں کہ انہوں نے شادی کیلئے اپنی فیلمی سے جھگڑا کرلیا۔

ہانیہ خان نے عامر لیاقت کو چیلنج بھی کیا تھا کہ اگر وہ سچے ہیں تو سامنے آئیں اور اپنے تعلقات کے حوالے سے سوالوں کے جواب دیں۔

مزید خبریں :