Time 28 اپریل ، 2021
پاکستان

متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر ڈی ایچ اے کے قبضے کے خلاف درخواست پر سماعت

لاہور ہائیکورٹ نے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو کل ریکارڈ سمیت طلب کرلیا— فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے قبضے کے خلاف درخواستوں پر ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو کل ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ ضلعی انتظامیہ کل ہی لاہور ہائی کورٹ کی 50 کنال زمین کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرے۔

انھوں نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ کی اراضی پر غیر قانونی طور پر قائم ساری کوٹھیاں گروا دیں گے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ڈی ایچ اے انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ متروکہ وقف املاک کی اراضی سمیت تمام اراضی کا قبضہ چھوڑ دیں جس کا انتقال ابھی نہیں ہوا۔

 عدالت نے سی سی پی او لاہور کو حکم دیا کہ تمام ایس ایچ اوز کو مراسلہ جاری کیا جائے کہ اگر کوئی ڈی ایچ اے کی جانب سے زمین پر قبضے کے خلاف درخواست دے تو فوری طور پر پرچہ درج کیا جائے اور بعد میں تفتیش کی جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا تماشہ لگا کر رکھا ہوا ہے ، لیز پر لی گئی اراضی الاٹ کرکے تعمیرات کروادیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، 11سال تک کبھی ڈر کر نوکری نہیں کی ، عزت کے لیے یہاں بیٹھے ہیں۔

مزید خبریں :