وینٹیلیٹرز کی خریداری کیلیے اہلیہ کا سرکاری لیٹر شیئرکرنے پر انوپم کو تنقیدکا سامنا

فوٹو: فائل

بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور آکسیجن اور دیگر طبی سامان کی قلت کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ایسے میں مختلف شعبوں کے ساتھ بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

بالی وڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ اور چندی گڑھ سے رکن پارلیمنٹ  اداکارہ کرن کھیر نے چندی گڑھ کے ایک گورنمنٹ اسپتال کے لیے سرکاری فنڈ سے ایک کروڑ بھارتی روپے مختص کیے  تاکہ اس سے فوری طور پر وینٹی لیٹر کی خریداری کی جاسکے۔

کرن کھیر کے شوہر انوپم کھیر نے اپنی اہلیہ کا سرکاری لیٹر پیڈ پر لکھا حکم نامہ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

انسٹا گرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ایسے وقت میں جب خود تمھارا بھی علاج چل رہا ہے، اس نیک مقصد کے لیے تم نے جو قدم اٹھایا ہے اس پر مجھے تم پر فخر ہے، اس سے مریضوں کو کافی فائدہ ہوگا، دعا ہے کہ تم بھی جلد صحت یاب ہوجاؤ۔

خیال رہے کہ ادکارہ کرن کھیر چندی گڑھ سے بی جے پی کی جانب سے رکن پارلیمنٹ  ہیں اور گذشتہ دنوں ہی انوپم کھیر نے بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ میں بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ممبئی میں ان کا علاج جاری ہے۔

انوپم کھیر کی پوسٹ کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارتی شہریوں کا کہنا ہےکہ  یہ بات یہاں کہنے کی کیا ضرورت تھی براہ راست کرن کھیر سے بھی کہی جاسکتی تھی۔

بیشتر صارفین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں پوسٹ کرکے سب کو بتانے کی کیا بات ہے!  یہ رقم انہوں نے عطیہ نہیں کی یا اپنی جیب سے نہیں دی بلکہ سرکاری فنڈ سے دی ہے جو کہ عوام ہی کا حق ہے۔

دوسری جانب بعض صارفین نے اس اقدام پر کرن کھیر کی تعریف بھی کی اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں :