Time 03 مئی ، 2021
پاکستان

’جی ایس پی پلس پر یورپ کے تحفظات دور کرینگے لیکن ختم نبوتﷺ قانون پر سمجھوتا نہیں ہوگا‘

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے متعلق اجلاس میں یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں جی ایس پی پلس سے متعلق قرارداد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یورپی یونین کی قرار داد میں اٹھائے گئے نکات سے متعلق مشاورت کی گئی اور اجلاس کے شرکاء  کو بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ  جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم ہونے سے پاکستان کو تین ارب ڈالر سالانہ کا نقصان ہوسکتا ہے، ‏پورپی یونین سے انسانی آزادیوں کے حقوق، جبری گمشدگیوں کے خاتمے سے متعلق بات ہوئی تھی۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ پورپی یونین سے اقلیتوں کے تحفظ اور خواتین کے حقوق سمیت 8 معاہدوں پر بات ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں یورپی یونین کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں جبری گمشدگی، صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار کے قوانین جلد پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قانون ساز کمیٹی سے منظوری لے کر جلد مسودے اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے اور یورپی یونین کے تمام ممالک سے اس معاملے پر بات کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اتفاق کیا گیاکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ ختم نبوتﷺ کے قانون پر سمجھوتا نہیں ہو گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کی رائے تھی کہ جی ایس پی پلس معاہدے کا توہین رسالت قوانین سے کوئی تعلق نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی تھی۔

یورپی پارلیمنٹ میں 6 کے مقابلے میں 681 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی تھی جبکہ قرارداد میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس پر نظر ثانی کرنے اور اقلیتوں سے متعلق امتیازی قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :