Time 06 مئی ، 2021
کھیل

پی ایس ایل انتظامیہ نے بقیہ میچز کیلئے کراچی کو پہلا آپشن قرار دے دیا

پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے لیگ کے بقیہ میچز کے لیے کراچی کو پہلا آپشن قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ کے 3 عہدیداران نے اسلام آباد میں این سی او سی کے حکام سے ملاقات کی جس میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا معاملہ زیر بحث آیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل انتظامیہ نے بقیہ میچز کے لیے کراچی کوپہلا آپشن قراردیا تاہم این سی او سی نے کراچی میں پی ایس ایل میچز کرانے کیلئے ابھی کوئی فیصلہ نہیں دیا۔

پی ایس ایل انتظامیہ نےکراچی میں میچز کیلئے این سی او سی سے گائیڈ لائنز مانگی تھیں، این سی او سی کے فیصلے کے بعد معاملہ پی ایس ایل گورننگ کونسل میں جائےگا اور گورننگ کونسل کے اجلاس میں این سی او سی کے فیصلے کے حوالے سے بات کی جائے گی جب کہ پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس میں این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیےکراچی پہلا اور یو اے ای دوسرا آپشن ہے ، پی سی بی کو میچز یو اے ای منتقل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں پی سی بی ہر ممکن حد تک پی ایس ایل ملتوی ہونے سے بچنے کیلئے کوشاں ہے۔

واضح رہےکہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے کراچی میں شیڈول ہیں اور میچز سے قبل 7 روز کے قرنطینہ کی مدت 22 مئی سے شروع ہونا ہے۔

مزید خبریں :