Time 06 مئی ، 2021
پاکستان

مفتاح اسماعیل نے این اے 249 میں دوبارہ گنتی رکوانےکی درخواست کردی

کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے  چیف الیکشن کمشنرکو خط لکھ کر  ووٹوں کی دوبارہ گنتی رکوانے کی درخواست کردی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنرکو خط لکھ کر گنتی رکوانے کی درخواست کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کو بھیجےگئے خط میں بتایا گیا ہےکہ ریٹرننگ افسر جو ووٹوں کے تھیلے لائے ان میں سے بیشتر پر سیل نہیں لگی تھی۔

خط میں  مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا ہےکہ زیادہ تر امیدواروں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

خیال رہےکہ کراچی کے حلقہ این اے 249 میں گذشتہ دنوں ہونے والے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے تاہم  پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

امیدواروں نے الزام لگایا ہےکہ جو پولنگ بیگ لائے گئے ان پر سیل نہیں لگی ہوئی اور وہ کھلے ہوئے تھے جس کی وجہ سے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔

امیدواروں نے دوسرا اعتراض یہ کیا ہےکہ انہیں فارم 45 اور 46 مہیا نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ 29 اپریل کو این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کامیاب ہوئے تھے اور مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ دونوں کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق ہے۔

مفتاح اسماعیل نے الیکشن کمیشن سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس پر  الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :