تھیلے سیل نہ ہوتے تو پہلے ہم اعتراض کرتے، گنتی جاری اور ہم مطمئن ہیں، قادر مندوخیل

این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے۔

گنتی شروع ہونے سے قبل ہی پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام دیگر جماعتوں نے ری کاؤنٹنگ کا بائیکاٹ کیا حالانکہ رنر اپ رہنے والے ن لیگ کے مفتاح اسماعیل نے ہی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی اور اب انہوں نے گنتی روکنے کی درخواست کردی ہے البتہ الیکشن کمیشن نے ان جماعتوں کے اعتراض کے باوجود گنتی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کا الزام ہے کہ ریٹرننگ افسرجو ووٹوں کےتھیلے لائے ان میں سے کئی تھیلے سیل نہیں تھے تاہم فاتح امیدوار قادر خان مندوخیل کہتے ہیں کہ تھیلے سیل نہ ہوتے تو پہلے ہم اعتراض کرتے۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کا کہنا ہے کہ تمام تھیلےسیل تھے، شفاف اندازمیں گنتی کا عمل جاری ہے، ہمیں اطمینان ہے، اگردوبارہ پولنگ کرانی ہے توپورے پاکستان میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دو چارگھنٹے میں یا صبح تک نتائج آجائیں گے،حلقے میں ہمارے برتری برقرارہے۔

خیال رہے کہ 29 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :