Time 08 مئی ، 2021
پاکستان

شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

لاہور : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔

جیونیوز کے مطابق امیگریشن حکام نے اپوزیشن لیڈر اور (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف کو لاہور ائیرپورٹ پر روک لیا۔

شہباز شریف لاہور ائیرپورٹ سے قطر روانہ ہورہے تھے جہاں سے انہیں طبی معائنے کے لیے لندن جانا تھا لیکن ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

حکام نے شہباز شریف سے مکالمہ کیا کہ  ہمارے سسٹم میں آپ ابھی تک بلیک لسٹ ہیں اس پر شہباز شریف نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا آرڈر ہے، ون ٹائم ٹریویل کی اجازت دی ہے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے امیگریشن حکام کو عدالت کے احکامات بھی دکھائے اور  عطا تارڑ نے حکام کو عدالتی حکم نامہ پڑھ کر بھی سنایا۔

امیگریشن حکام کی جانب سے بیرون ملک روانگی کی اجازت نہ دیے جانے پر شہباز شریف واپس گھر روانہ ہوگئے۔

شہبازشریف نے بیرون ملک جانےکی اجازت نہ دینےکی تحریری وجہ بتانےکامطالبہ کیا تھا جس پر حکام نے انہیں آف لوڈ کیے جانے سے متعلق تحریری طورپرآگاہ کردیا ہے۔

آف لوڈ فارم میں بتایا گیا ہےکہ شہبازشریف کےحوالے سے سسٹم ابھی اپ ڈیٹ نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 8 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

مزید خبریں :