وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچنے تو ان کا جدہ ائیرپورٹ پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا اور دونوں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام، سزا یافتہ مجرمان کے تبادلے، جرائم کے خلاف تعاون، ماحولیات اور توانائی منصوبوں کے فریم ورک ایگریمنٹ اور منشیات اور ورکرز ریکروٹمنٹ کی مفاہمتی یاداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران عمرے کی سعادت حاصل کریں گے اور روضہ رسولﷺ پر حاضری کے لیے بھی جائیں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزید خبریں :