09 مئی ، 2021
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے فسلطینیوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر عارف علوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی نسلی امتیاز اور مظالم جاری رہنا گھناؤنی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمازیوں پر حملوں کے مناظر کو مغربی میڈیا پر معمول کی جھڑپیں قرار دیا گیا۔
صدر پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب بین الاقوامی سیاست ذاتی مفادات پر نہیں، اخلاقیات پر مبنی ہو گی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے اگلے اجلاس میں اس حوالے سے مذمتی قرارداد لائیں گے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ نہتےفلسطینی نمازیوں پر ظالمانہ تشدد نہایت بزدلانہ اقدام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، نام نہاد اسرائیلی ریاست فلسطینیوں کی تحریک آزادی زیادہ دیر دبانہیں سکتی۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں ایسی کارروائیاں قبلہ اول کی توہین کے مترادف ہیں، پاکستان فلسطین کے مسئلے پر اپنے موقف پر قائم ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس میں گھس پر ناصرف مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی بلکہ نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ اور شیلنگ بھی کی جس میں 200 سے زائد فلسطینی زخمی اور دو شہید ہوئے۔