Time 10 مئی ، 2021
کھیل

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز یو اے ای میں ہوں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج متوقع

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے کورونا کی وجہ سے باقی رہ جانے والے میچز کا یو اے ای میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ آج متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن چھ کے باقی رہ جانے والے میچز کی میزبانی کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہوا ہے، اس سلسلے میں چند روز قبل ای سی بی کو خط لکھا گیا تھا اور پی سی بی نے فرنچائزز کے ساتھ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی بات کی تھی جس میں یو اے ای کو میچز کے لیے ترجیحی وینیو قرار دیا گیا تھا۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے میچز کی اجازت حکومت سے لینا ہے، کووڈ کی صورتحال مطابق ایمریٹس بورڈ کو آج ہاں یا ناں میں جواب میں مل سکتا ہے۔

ای سی بی اور پی سی بی کل بھی جواب کے منتظر تھے کیونکہ گزشتہ روز بھی یو اے ای میں ورکنگ ڈے تھا اور دفاتر کھلے تھے لیکن کوئی جواب نہ آیا، پی سی بی عید سے قبل آج آخری ورکنگ ڈے میں یو اے ای سے مثبت جواب آنے کے لیے پر امید ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے جواب نہ ملنے کی صورت میں پی سی بی کو میچز کے انعقاد کے لیے مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ وقت کی کمی پی سی بی کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے اور اجازت ملنے کی صورت میں ابوظہبی یا دبئی میں میچز کا انعقاد ہو گا۔

پی سی بی نے یکم جون سے کراچی میں میچز کے شیڈول کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن این سی او سی سے گزشتہ ہفتے کے اجلاس کے بعد کراچی میں میچز کا انعقاد ممکن نہیں کیونکہ پاکستان میں موجودہ کووڈ کی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں میچز کرانے کے فیصلے کی حمایت نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :