شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے، نیب لاہور نے ہیڈ کوارٹر کو خط لکھ دیا

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے ہیڈ کوارٹر کو خط لکھ دیا ہے۔

نیب لاہور نے ڈی جی آپریشنز نیب ہیڈ کوارٹرز کو خط 28 اپریل 2021 کو لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نیب لاہور نے خط شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد لکھا۔

ذرائع کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ سے تاحال رجوع نہیں کیا۔

خیال رہے کہ 22 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی تھی۔

اس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 8 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم انہیں ایف آئی نے لاہور ائیرپورٹ پر قطر جانے سے روک دیا تھا۔

مزید خبریں :