11 مئی ، 2021
اسرائیل نے غزہ پر مزید قوت کے ساتھ حملے تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اسرائیل ڈیفنس فورسز کے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا اور موجودہ صورتحال پر بریفنگ لی۔
اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں بین یامین نیتن یاہو نے کہا کہ ’ہم ایک مہم جوئی کے بیچ میں ہیں، کل سے اب تک اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے غزہ میں حماس کیخلاف سیکڑوں حملے کیے ہیں، ہم نے ان کے کمانڈرز کو نشانہ بنایا، ہم نے دیگر اہم اہداف کو نشانہ بنایا‘۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ’آج کے اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ ہم اپنے حملوں کی رفتار اور قوت کو مزید بڑھائیں گے، حماس کو ایسی ٹھیس پہنچے گی جس کی اس نے توقع نہیں کی ہوگی، میں جانتا ہوں کہ اس کیلئے اسرائیلی شہریوں کی جانب سے بھی تحمل اور کچھ قربانیاں درکار ہوں گی‘۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دو شہریوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے، ہمیں متحد ہوکر آئی ڈی ایف کے حملوں کی حمایت کرنی ہوگی ، تمام شہری آئی ڈی ایم ہوم فرنٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ محفوظ رہ سکیں۔
بن یامین نیتن یاہو نے اسرائیل میں موجود عرب باشندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں عرب اسرائیلی شہریوں سے کچھ کہنا چاہتا ہوں، گزشتہ روز گرم دماغ نوجوانوں کی جانب سے کچھ پریشان کن خلل ڈالی گئی جنہیں برداشت نہیں کیا جائے گا، ہماری ہدایات ہیں کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے‘۔
اسرائیلی وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں خاص طور پر عرب ممالک کے رہنماؤں سے کہا کہ ’میں توقع کرتا ہوں کہ تمام عوامی رہنما اس صورتحال کیخلاف کھڑے ہوں گے اور اس کی مذمت کریں گے اور صورتحال معمول پر لانے کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے‘۔