بیسن، دہی اور جادوئی پھل سے گھر میں فیشل کریں اور پائیں فوری نکھار

فوٹو: فائل

ملک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن برقرار ہے ایسے میں خواتین کو کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ پارلر بند ہونے کے سبب فیشل اور چہرے کی کلینزنگ تو رہ ہی گئی۔

تاہم اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یقیناً گرمی کے باعث جلد بھی بے رونق اور مرجھائی ہوئی ہے، ایسے میں جیو نیوز نے خواتین کی مشکل کا حل نکالتے ہوئے عید جیسے تہوار کے موقع پر معروف ڈاکٹر بلقیس سے رابطہ کیا اور گھر میں موجود اشیا سے فیشل کرنے کا پوچھا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحبہ نے بتایا کہ آج کل تربوز مارکیٹ میں بہت زیادہ آیا ہوا ہے اور  بے شک ہر گھر میں بھی موجود ہے، یہ پھل چہرے کے فوری نکھار کے لیے جادو کا سا اثر رکھتا ہے لہٰذا تربوز کے رس کے چار سے پانچ چمچ لیں اور ایک چمچ دہی میں شامل کریں پھر اس میں بیسن ملائیں۔

بیسن چہرے سے گندگی ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے چونکہ ماہ رمضان کا اختتام ہوچکا ہے اور اب لوگوں کو شاید ہی کچھ ماہ تک بیسن کی ضرورت پڑے لہٰذا اس کو آپ اپنے فیشل میں استعمال کر سکتے ہیں۔

بیسن، دہی اور تربوز کے اس مکسچر میں گھر میں موجود آٹا آدھا چمچ شامل کرلیں۔ ان سب کو اچھی طرح سے بلینڈ کریں اورکچھ دیر کے لیے رکھ دیں تاکہ یہ سب چیزیں ایک دوسرے کے اندر اچھی طرح سے رچ بس جائیں۔

کچھ دیر بعد اسے چہرے پر ماسک کی طرح لگالیں، تھوڑی دیر بعد ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں اور پھر ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔

یہ ماسک ناصرف چہرے کی گندگی کو ختم کرے گا بلکہ رنگت نکھارنے کے ساتھ جلد کو ٹھنڈک بھی دے گا۔

مزید خبریں :