Time 13 مئی ، 2021
پاکستان

ملک میں آج 2 شوال کے چاند کا مشاہدہ لاکھوں لوگوں نے کیا، وزارت مذہبی امور

پوری قوم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے گزشتہ روز کے فیصلے کو سراہ رہی ہے، وزارت مذہبی امور— فوٹو: وزارت مذہبی امور 

وفاقی وزارت مذہبی امور نے 2 شوال کے چاند کی تصاویر شیئر کردیں۔

وزارت مذہبی امور کے سوشل میڈیا پیجز سے آج کے چاند کی تصاویر شیئر کراتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں 2 شوال المکرم کا چاند کا مشاہدہ لاکھوں لوگوں نے کیا۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پوری قوم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے گزشتہ روز کے فیصلے کو سراہ رہی ہے۔ 

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آج 2 شوال کے چاند کی تصاویر پوسٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

 سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب کے بعد موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن اور جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولانا راغب نعیمی کا بھی قضا روزے سے متعلق بیان سامنے آگیا۔

مفتی منیب کا کہنا تھاکہ تمام افراد ایک قضا روزہ رکھیں اور جو افراد اعتکاف سے اٹھے ہیں وہ ایک روز کا اعتکاف کریں۔

دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن اور جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولانا راغب نعیمی کا کہنا ہے کہ 1967 میں جمعہ کو عید آنے پر رویت ہلال سے جمعرات کو عید کروائی گئی، اُس وقت 5 بڑےعلماء نے فیصلے سے انکار کیا تو انہیں دو ماہ مچھ جیل میں رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ مفتی الیاس اور مفتی منیب سمیت دیگر علماء کا ماننا ہے کہ عید کروانے کی ذمہ داری حکومت پرہوتی ہے لہٰذا شرعی طور پر جمعہ کو چھوڑ کر ایک روزے کی قضا کرلی جائے۔

مزید خبریں :