دنیا
Time 14 مئی ، 2021

کوشش کر رہے ہیں کہ عالمی برادری اسرائیل کو سبق سکھائے: ترک صدر

فوٹو: فائل

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے فلسطین پر اسرائیل کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے نائجیرین ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں فلسطین پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں سے متعلق عالمی رویے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اسرائیل قانون، انصاف اور ضمیر سے ماورا ایک غیر قانونی ریاست ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ عالمی برادری اسرائیل کوسبق سکھائے۔

رجب طیب اردوان نے توقع ظاہر کی کہ نائجیریا صیہونی ظلم و بربریت کے معاملے پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرےگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چار روز سے اسرائیل نے غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں کو تختہ مشق بنا رکھا ہے اور اور اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں اب تک 109 فلسطینی شہید اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

ادھر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے آج بلایا گیا سلامتی کونسل کا اجلاس بھی امریکا نے موخر کر وا دیا ہے۔

مزید خبریں :