Time 14 مئی ، 2021
دنیا

اسرائیل کے غزہ پر مزید حملے، شہید فلسطینیوں کی تعداد 119 ہوگئی

اسرائیل کی جانب سے مسلسل چوتھے روز بھی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا اور چار روز سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد119 ہوگئی۔

اسرائیل نے آج بھی غزہ میں بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری کے باعث کئی فلسطینی خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

اسرائیل کے زمینی،فضائی اور سمندری حملوں کے نتیجے میں غزہ پٹی کے زیادہ تر علاقوں میں رات سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔

اسرا ئیلی فوج نے غزہ میں زمینی دستے بھیج کر حملہ کرنے کے اپنے ہی بیان کو دو گھنٹے بعد واپس لے لیا اور غزہ میں صیہونی فوج داخل ہونے کی تردید کر دی۔

فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد119 ہوگئی ہے جن میں 31 بچے اور 19 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ اسرائیلی حملوں میں 830 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کے شہر لد میں اسرائیلی آبادکاروں نے مسلم قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی کی اور قبرستان کی دیواروں پر نازیبا کلمات لکھ دیے۔

دوسری جانب غزہ سے فلسطینی تنظیم حماس کے راکٹ حملوں میں 7 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

فوٹو: ٹوئٹر/قدس نیٹ ورک

ادھر فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر بلایا گیا آج ہونے والا سلامتی کونسل کا اجلاس امریکا نے موخر کروا دیا۔

امریکا نے اسرائیل کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کر دی ہے جس میں امریکی شہریوں کو اسرائیل کے طے شدہ سفر پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :