محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان سےمتعلق پانچواں الرٹ جاری کردیا

سمندری طوفان 18کلو میٹر کی رفتار سے شمال مغرب یعنی بھارتی ریاست گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے، محکمہ موسمیات— فوٹو: محکمہ موسمیات

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سےسمندری طوفان ’ٹاک ٹائی‘سےمتعلق پانچواں الرٹ جاری کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ٹاک ٹائی شدت اختیار کرکے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے، سمندری طوفان 18کلو میٹر کی رفتار سے شمال مغرب یعنی بھارتی ریاست گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے جنوب مشرق کی جانب 1310 کلو میٹر دور ہے، آئندہ 18سے 24گھنٹوں میں طوفان مزید شدت اختیار کرکےشدید ترین سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

سمندری طوفان 18 مئی کی دوپہر یا شام کو بھارتی ریاست گجرات کے ساحل تک پہنچ سکتا ہے۔

17 سے 20 مئی کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 17 سے 20 مئی کے دوران ٹھٹھہ، بدین ، تھر، میر پورخاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ حیدرآباد، جام شورو، شہید بینظیر آباد میں بھی 18 سے 20 مئی کےدوران بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد،  دادو میں بھی 18 سے 20 مئی کے دوران بارش کا امکان،17 سے 20 مئی تک سمندرمیں طغیانی کی کیفیت رہنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :