شہباز شریف باہر چلے گئے تو ان کو بھی واپس لانا مشکل ہوجائیگا: شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ شہبازشریف نوازشریف کے ضمانتی ہیں اور  وہ بیرون ملک چلے گئے تو ان کو بھی نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن جوکرنا چاہتی ہے کرلے لیکن  عمران خان اپوزیشن کے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر اپنے لوگوں میں جینا مرنا چاہتا ہے لندن بھاگنا نہیں چاہتا، روس کا اپوزیشن لیڈر بھی وطن واپس آیا اور ایران میں بھی دیکھ لیں صورتحال کیا ہے، یہاں نوازشریف واپس نہیں آیا تو شہباز شریف کیسے واپس آتے اس لیے  شہباز شریف کو جانے کی اجازت دی تو وہ سلطانی گواہ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نوازشریف کے ضمانتی ہیں، وہ بیرون ملک چلے گئے تو ان کو نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا جب کہ شریف فیملی کے 5 افراد پہلے سے بیرون ملک مفرور ہیں، حکومت نوازشریف کی واپسی میں بے بس نہیں اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں، برطانیہ کے سفیر نے بتایا کہ یہ ایک لمبا عمل ہے، پاکستانی حکومت چاہتی تھی نوازشریف کو جلا وطن کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق بحری اور فضائی اداروں کوآگاہ کردیا گیا ہے، شہباز شریف 15 دن میں نظرثانی کی درخواست وزارت داخلہ کو دے سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے ڈیل سے باہر آنے یا باہر جانے سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں، جنرل باجوہ نےکہا تھا کہ فوج جمہوری اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید خبریں :