سعودی عرب پاکستان کو پھر ادھار تیل فراہم کرے گا، اصولی فیصلہ ہوگیا

فائل فوٹو

سعودی عرب پاکستان کو پھر ادھار تیل دے گا جس کے لیے سالانہ 3 ارب ڈالر تک مؤخر ادائیگی کا اصولی فیصلہ ہوگیا جس کا طریقہ کار جلد طے کر لیا جائے گا جب کہ وزیراطلاعات فواد چوہدی نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

دی نیوز کے سینئر صحافی مہتاب حیدر کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان نے توسیعی مدت کے لیے موخر ادائیگیوں پر سعودی آئل سہولت دوبارہ شروع کرنے کی نئی درخواست کی۔

سعودی حکام نے اصولی طور پر منظوری پر اتفاق کیا ہے تاہم تفصیلات فریقین کے باضابطہ معاہدے پر ہی سامنے آسکیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے توسیعی مدت کے لیے ایس او ایف بحالی کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہاں یہ تقریباً ہو چکا ہے، سعودی عرب کی آئل سہولت (ایس او ایف) کی بحالی کے لیے 3 سے 5 سال کی مدت کے معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو آئندہ بجٹ میں سہولت ملے گی۔

اس سے قبل سعودی عرب نے 6 ارب ڈالرز کا مالیاتی پیکج مہیا کیا تھا جس میں 3 ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع ہیں اور باقی 3 ارب ڈالرز سالانہ بنیاد پر مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت کے لیے ہیں۔

مزید خبریں :