19 مئی ، 2021
کراچی: گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان نے ایک فلیٹ میں گھس کر میاں بیوی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
جیونیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واردات آج صبح 8 بجکر 26 منٹ پر ہوئی۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق یہ واردات شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر کے رہائشی اپارٹمنٹس بلیز گارڈن میں ہوئی، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک جعفر حسین اور ان کی اہلیہ فوزیہ جعفر کراچی پولیس کے ایک انسپکٹر کے قتل میں ملوث ملزمان کے سہولت کار تھے جب کہ ہلاک میاں بیوی کراچی میں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم واحد عرف فوجی جلبانی کے بھی سہولت کار تھے۔
پولیس کے مطابق واحد عرف فوجی جلبانی گلستان جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم شاہ کو گلستان جوہر میں حملے میں شہید کرنے کا مرکزی ملزم تھا، فوجی جلبانی دونوں میاں بیوی کے ساتھ ان کے فلیٹ میں آکر رکتا تھا، پولیس نے رحیم شاہ کے قتل کے بعد چھاپے کے دوران فوزیہ جعفر کو گرفتار کیا تھا جب کہ اس کا شوہر فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کو ابتدائی تفتیش میں شبہ ہے کہ دونوں میاں بیوی کو مبینہ طور پر فوجی جلبانی کے گروہ کے ملزمان نے پولیس کو مخبری کے شبے میں قتل کیا ہے۔