21 مئی ، 2021
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینئیر رہنما اور صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی بحیثیت صوبائی وزیر مستعفی ہوگئے۔
صالح بھوتانی نے اپنا استعفٰی گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کو پیش کردیا،گورنر نے ان کا استعفٰی منظور کرلیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے سردارصالح بھوتانی سے وزارت بلدیات کا قلمدان واپس لے لیا تھا،ان کا کہناتھا کہ سردار بھوتانی سے استعفٰی محکمہ بلدیات کی کارکردگی کی وجہ سے واپس لیاگیا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں سردارصالح بھوتانی کا کہنا تھا کہ ان کے کردار پر باتیں ہو رہی ہیں کہ کام نہیں کیا اوراس بناء پر ان سے وزارت واپس لےلی گئی۔
ان کا کہناتھا کہ انہوں نے آج وزارت سے استعفٰی دیا ہے اور سوچ سمجھ کر استعفٰی دیا ،وہ اس گناہ میں مزید شریک نہیں ہوسکتے۔
سردارصالح بھوتانی کا کہناتھا کہ وزیراعلٰی جام کمال کا ان سے رویہ بھی اچھا نہیں تھا، وزیراعلٰی جب براہ راست پٹواری اور نچلے ملازم سےبات کرے تو وزیر کی کیا حیثیت ہے، بروقت فیصلوں میں تاخیر اور صرف باتیں کر کے سارا سال گزرجاتاہے ان میں بروقت فیصلے لینے کی قوت ہی نہیں ہے۔
انہوں نےالزام لگایا کہ کابینہ اجلاس میں محکمےکے کچھ فنڈز منظور ہوئے تھے جس کے بعد ان سےوزارت واپس لی گئی۔