'یہاں میرے 8 آپریشن ہوئے، شہباز شریف بھی پاکستان میں رہیں ان کا بہترین علاج ہوگا'

پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے اُن کے آٹھ آپریشن ہوئے اور سب پاکستان میں ہوئے، شہبازشریف کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان میں رہیں، بہترین علاج ہوگا۔

 راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ میرا تمام علاج پاکستان میں ہی ہو رہا ہے اور میں 81 سال کی عمر میں بھی چل پھر رہی ہوں تو اس کا مطلب ہے پاکستان میں بہترین ڈاکٹرز موجود ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اس لیے شہباز شریف سے بھی کہتی ہوں پاکستان میں ہی رہیں آپ کا بہترین علاج ہوگا۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ  اگلے ہفتے ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال میں ہر فرد کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مزید 8 ویکسینیشن مراکز بنائے جائیں گے، عوام سے درخواست ہےکہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کرائیں، صورتحال میں بہتری آئی ہے لیکن کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رہنا چاہیے۔

خیال رہے کہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹت یاسمین راشد کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں اور موذی بیماری کے علاج کے دوران بھی کورونا چیلنج سے نبردآزما ہیں۔

مزید خبریں :