Time 23 مئی ، 2021
پاکستان

ن لیگ نے وفاقی حکومت کے معاشی اعداد وشمار کو غلط قرار دے دیا

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے وفاقی حکومت کے معاشی اعداد وشمار کو مسترد کرتے ہوئے غلط قرار دے دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ و ن لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان و سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے جھوٹے اعدادوشمار جاری کرکے قوم کوگمراہ کیا اور ایک وزیر نے شرح نمو بڑھاکر دکھانے کاحکم دیا۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ عمران خان اپنے دوستوں کے فائدے کیلئے معیشت چلاتے ہیں، اس حکومت نے 2 کروڑ افراد کو غربت میں دھکیل دیا، 70 سال میں جتنا قرض لیا گیا، اس کا 50 فیصد عمران خان نے 3 برس میں لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے 50 لاکھ افراد کو بے روز گار کرڈالا ہے۔ 

سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ اس وقت معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے، پی ٹی آئی نے تین سالوں میں نواز شریف کی تین حکومتوں سے زیادہ قرضہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیرخزانہ شوکت ترین خود حکومتی پالیسیوں کوناکام قرار دیتے تھے، ترقی کی شرح 4 فیصد ہونے پر یہ لڈیاں ڈال رہے ہیں، سرمایہ کاری نہیں تو معیشت کیسے چلے گی نوکریاں کہاں سے آئیں گی؟

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے اپنے دور میں غربت پر کافی حد تک قابو پایا مگر اس وقت ملک میں غربت کی شرح بڑھتی جارہی ہے، اگر حکومتی اقدامات میں بہتری آتی تو غربت اور مہنگائی کم ہوتی۔

مزید خبریں :