24 مئی ، 2021
نومسلم جرمن وی لاگر کرسچین بیٹزمین نے اداکارہ زویا ناصر سے منگنی ٹوٹنے پر خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ دنوں اداکارہ زویا ناصر نے نومسلم جرمن وی لاگر سے منگنی توڑنے کا اعلان کیا تھا۔ زویا کا کہنا تھاکہ میرے ملک، ثقافت، لوگوں کے حوالے سے کرسچین کے مؤقف میں آنے والی اچانک تبدیلی اور میرے مذہب سے متعلق بے حسی کی وجہ سے مجھے یہ مشکل فیصلہ لینا پڑا۔
زویا کی جانب سے منگنی توڑنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور جرمن وی لاگر کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تاہم اب بیٹزمین نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے وضاحت کی ہےاور کہا کہ میں کسی سے معافی نہیں مانگ رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے مذہب اور نہ ہی پاکستان مخالف بات کی ہے۔
بیٹز مین کا کہنا تھاکہ میں ہمیشہ سے اپنے فلسطینی اور مسلمان بھائیوں کے ساتھ رہا ہوں اور کبھی بھی اسرائیل کی حمایت نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ زویا ناصر اور جرمن یوٹیوبر قریبی دوست تھے اور رواں برس ہی جرمن یوٹیوبر نے اسلام قبول کیا تھا جس کے فوری بعد اداکارہ سے منگنی کی تھی۔