بھارتی گلوکارہ الکا یاگنک اداکار عمران عباس کی گرویدہ ہوگئیں

فوٹوفائل

بالی وڈ میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی مشہور گلوکارہ الکا یاگنک پاکستانی اداکار عمران عباس کی آواز کی گرویدہ ہوگئیں۔

اداکار عمران عباس کی جانب سے حال ہی میں انسٹاگرام پر ڈرائیونگ کے دوران بنائی گئی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہیں 2003 میں ریلیز کی گئی بھارتی فلم چوری چوری کے گانے ’تو میرے سامنے‘ گاتے بھی سنا جاسکتا ہے۔

عمران عباس نے ویڈیو پوسٹ میں کیپشن درج کیا کہ 90کی دہائی کے گانوں کے لیے میری محبت ناقابل بیان ہے اور جب بات آئے الکا یاگنک اور ادت نارائن کی تو پاگل پن چھتوں سے ٹکراجاتا ہے۔

عمران عباس کی گلوکاری کرتی ویڈیو پر سرحد پار سے گلوکارہ الکا یاگنک نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ بہت اچھا گاتے ہیں اور کیا ڈرائیو کرتے ہیں۔

الکا کے تبصرے پر جواب دیتے ہوئے عمران عباس نے بھی شکریہ اداکیا اور لکھا کہ آپ کی آواز میرے ہر سفر کو مزید خوبصورت بنادیتی ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکار عمران عباس کی نہ صرف اداکاری بلکہ گلوکاری کو بھی ان کے مداحوں کی جانب سے سراہا گیا ہو، اس سے قبل ان کی گانے اک پل کی خوشی گنگناتی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ 

مزید خبریں :