پولیس ڈاکوؤں سے ملی ہوتی ہے، آپریشن سے پہلے ڈاکوؤں کو پتا چل جاتا ہے: عدالت

فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کے جسٹس آفتاب احمد پولیس کی کارکردگی پر برس پڑے۔

سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے استدعا کی کہ پولیس افسران کچے میں آپریشن میں مصروف ہیں انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

اس پر جسٹس آفتاب احمد نے کہا کہ یہ کیسا آپریشن ہے جس میں پولیس اہلکار شہید ہورہے ہیں، پولیس اپنا تحفظ نہیں کر سکتی تو عوا م کا تحفظ کیسے کرے گی۔

معزز جج نے ریمارکس دیے کہ ڈاکو پولیس کی بکتر بند گاڑیوں پر قبضہ کرکے گالیاں دے رہے ہیں ،پولیس کو ناکارہ بکتر بند گاڑیاں دی جا رہی ہیں جن میں بیٹھے اہلکار شہید ہو جاتے ہیں، ایسے حالات پر ہمیں افسوس ہو رہاہے۔

جسٹس آفتاب احمد نے یہ بھی کہا کہ پولیس والے ڈاکوؤں سے ملے ہوتے ہیں، آپریشن سے پہلے ہی ڈاکوؤں کو پتا لگ جاتا ہے، پولیس والے ہی اپنے ساتھیوں کے ساتھ دشمنی کرتے ہیں۔

وکیل نے سماعت کے موقع پر بتایا کہ پولیس اب آپریشن میں رینجرز کی مدد بھی لے رہی ہے، ڈاکو بااثر لوگوں کے بنگلوں میں بیٹھے ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :