دنیا
Time 26 مئی ، 2021

واٹس ایپ نےدرجنوں فلسطینی صحافیوں کے اکاؤنٹ بلاک کردیے

فوٹوفائل

غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت کی کوریج کے بعد دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے درجنوں فلسطینی صحافیوں کے اکاؤنٹس بلاک کردیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ سے تعلق رکھنے والے الجزیرہ اور اے ایف پی ایجنسی کے صحافیوں کا کہنا ہے کہ انہیں واٹس ایپ کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں جس میں کہا گیاہے کہ ان کے اکاؤنٹس کو معاشرتی معیار کی خلاف ورزی پر بلاک کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفلسطینی صحافی نے بتایاکہ تقریباً100 فلسطینی صحافیوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک کردیئے گئے ہیں۔

غزہ کی پٹی پر تعینات الجزیرہ کے بیوروچیف کا کہنا تھا کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد  3 روز کے لیے بلاک کردیا گیا تھا تاہم اتوار کے روز سلیکون ویلی میں مقیم واٹس ایپ کے ہیڈکوارٹرز میں شکایت درج کیے جانے کے بعد ان کا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا ۔

ان کے مطابق بحال کیے جانے کے بعد واٹس ایپ ایپلی کیشن سے ان کے تمام پیغامات اور ڈیٹا( بشمول  نمبرز) کو بھی ڈیلیٹ کردیا گیا۔

دوسری جانب اے ایف کی رپورٹ کے مطابق 11روز سے جاری اسرائیل اور غزہ کے لڑائی جھگڑے کے بعد ان کے 2 صحافیوں کے اکاؤنٹس کو بھی واٹس ایپ کی جانب سے بلاک کیا جاچکا ہے ۔

ادھر عرب میڈیا کے ’سینٹر آف ڈویلپمنٹ آف سوشل میڈیا‘ کا کہنا ہے کہ  واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بلاک کرنا کوئی انوکھا واقعہ نہیں تھا، رواں ماہ ( 6 سے 19 مئی کے دوران) فلسطینوں کے ڈیجیٹل حقوق کی500 سے زائد بار خلاف ورزیوں کے واقعات سامنے آئے ہیں جس کے باعث فلسطینیوں کے اکاؤنٹس کو بلاک کرنا، انٹرنیٹ پر موجود مواد اور ہیش ٹیگز کو حذف کرنا یا چھپانا، پرانے مواد کو ڈیلیٹ کرنا اور انٹرنیٹ ایکٹیویٹی کم یا معطل کرنا شامل ہے۔

مزید خبریں :