26 مئی ، 2021
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکار پور میں آپریشن کے دوران شہید اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ایس ایس پی آفس میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
شکار پور کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے ایس ایس پی آفس میں شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے، بعد ازاں شہید اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے شہدا کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی مدد سے پہلے بھی امن قائم کیا ،اب بھی کریں گے ،اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو انجام تک پہنچائیں گے اور کچے کے تمام علاقے خالی کرائے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی سندھ آمد کی اطلاع کا اُنہیں علم نہیں ہے، ،شیخ رشیدسندھ آئیں یاشکارپور آئیں وہ وفاقی وزیرداخلہ ہیں آسکتے ہیں۔