Time 26 مئی ، 2021
پاکستان

پاکستان میں امریکی اڈے کے قیام کی خبروں پر افغان طالبان کا ردعمل آگیا

افغان طالبان کا کہنا ہےکہ  ذرائع  ابلاغ سے معلوم ہوا کہ امریکا کارروائیوں کے لیے ہمارے  پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے، پڑوسی ممالک سے مطالبہ ہےکہ کسی کو  ایسا قدم اٹھانے اور موقع فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں۔

ایک بیان میں افغان طالبان کا کہنا ہےکہ ذرائع ابلاغ کے مطابق  امریکا ہمارے ملک میں کاروائیاں انجام دینے کے لیے ہمارے پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے۔

 افغان طالبان کا کہنا ہےکہ خطے میں اجنبی فوجیں بے امنی اور جنگ کا اصل سبب ہیں، پڑوسی ممالک سے مطالبہ ہےکہ کسی کو موقع فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ اگر ایسا کیا گیا تو یہ تاریخی غلطی و رسوائی ہوگی، افغان مسلم و مجاہد قوم اس طرح کے گھناؤنے اقدام کےخلاف خاموش نہیں رہے گی، اور مشکلات کی ذمہ داری غلطیاں کرنے والوں پر ہوگی۔

خیال رہےکہ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر کو واضح الفاظ میں بے بنیاد کہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئےکوئی امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔

مزید خبریں :