26 مئی ، 2021
پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار نے جلد ماں بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حرا مانی کی اپنے شوہر کے ساتھ بیٹے سے متعلق ہوئی گفتگو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوگئی تھی۔
مذکورہ گفتگو میں اداکارہ کے شوہر نے حرا پر بیٹے کی تربیت کے لیے زور دیا تھا اور کہا تھا کہ جوتے لگاؤ ، مانی کے تبصرہ پر حرا نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مانی آپ بہت سختی کرتے ہیں ایک تو آپ نے میرے بیٹے کے بالوں کی اتنی بری کٹنگ کروادی اور اب میں اسے جوتے بھی لگاؤ۔
گزشتہ روز اداکارہ حرا مانی کی گفتگو سوشل میڈیا پر خاصی گردش کرتی رہی، بعد ازاں اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار نےبھی حرا مانی کی گفتگو کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور لکھا وہ بھی جلد اپنے شوہر خواجہ خضر حسین کے ساتھ ایسی ہی نوک جھونک کی خواہشمند ہیں ۔
صحیفہ نے اپنی اسٹوری میں حرا مانی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں حرا کی مزاحیہ گفتگو بہت پسند آئی ۔
بعد ازاں حرامانی کی جانب سے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر صحیفہ کی تعریف میں ایک اسٹوری درج کی گئی ، اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں اللہ تعالیٰ سے صحیفہ کو بھی اولاد جیسی خوشی سے نوازنے کی دعا کی ۔