26 مئی ، 2021
ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں مغوی کی بازیابی اورڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے لادی گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے، ڈاکوؤں نے گذشتہ روز دو مغویوں کو قتل کردیا تھا جبکہ ایک کو تیزدھارآلے سے قتل کرکے اس کی ویڈیوبھی جاری کی تھی۔
ڈی جی خان کے قبائلی علاقے کے پولیٹیکل اسسٹنٹ حمزہ سالک کے مطابق لادی گینگ کے کارندے کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں روپوش ہیں، ان کی تلاش کیلئے آپریشن گزشتہ روَز سے ہی جاری ہے، قبائلی بارڈر فورس کو پنجاب پولیس اور رینجرز کی مدد بھی حاصل ہے، بہت جلد گینگ کا صفایا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ لادی گینگ نے گزشتہ روز تین افراد کو قبائلی علاقے کشوبہ سے اغواء کیا تھا جن میں سے ایک کو اغواء کےدوران فائرنگ کرکے مار دیا تھا دوسرے کو گینگ سربراہ خدابخش نے تیز دھار آلے سے جسم کے اعضا کاٹ کر قتل کردیا تھا اور اس دوران اپنے ساتھی سے ویڈیو بھی بنواتا رہا۔
لادی گینگ کے سربراہ نے ویڈیو میں بتایا کہ اس نے اپنے ساتھی ہارون کے قاتلوں کو مار ڈالا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گینگ کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی ہے۔